کراچی / اسلام آباد: آئی ایم ایف سے 7 ارب ڈالر کے قرض کے حوالے سے معاملات طے پانے اور اسٹیٹ بینک کی شرح سود میں کمی کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔
جمعہ کے روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں اتار چڑھاؤ کے بعد کاروبار تیزی پر بند ہوا۔ اس مثبت رجحان کے باعث 42 فیصد شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جبکہ مارکیٹ کیپٹلائزیشن میں مجموعی طور پر 78 ارب 14 کروڑ 43 لاکھ 11 ہزار 911 روپے کا اضافہ ہوا۔
کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس 315.44 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 79,333.05 پوائنٹس پر بند ہوا۔ دوسری جانب، دونوں فارن ایکسچینج مارکیٹوں میں ڈالر کی قدر مسلسل چوتھے دن بھی گراوٹ کا شکار رہی۔ انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 28 پیسے کمی کے ساتھ 278.16 روپے پر بند ہوئی۔ اسی طرح اوپن کرنسی مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 10 پیسے کمی کے ساتھ 280.75 روپے پر بند ہوئی۔ ای کیپ کے چیئرمین ملک بوستان کے مطابق، انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر مسلسل چار دن سے کمی کا شکار ہے۔
شرح سود میں کمی کے حقیقی اثرات پیر کے روز دیکھنے کو ملیں گے۔ حکومت کو سود کی ادائیگیوں میں ریلیف ملے گا، جس کے نتیجے میں روپے کی قدر میں بھی اضافہ ہوگا۔
مزید برآں، مقامی گولڈ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔ 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت 2,900 روپے کے اضافے کے ساتھ 2,65,900 روپے ہوگئی۔ جبکہ دس گرام سونے کی قیمت 2,486 روپے بڑھ کر 2,26,337 روپے ہوگئی۔