پیوٹن نے جوہری ٹیکنالوجی کے استعمال کو ایران کا حق قرار دے دیا
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے ایران کی جوہری ٹیکنالوجی کے پُرامن استعمال کو اس کا جائز اور قانونی حق قرار دیتے ہوئے امریکی مؤقف کو سختی سے مسترد کر دیا ہے۔ ماسکو میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پیوٹن نے کہا کہ ایران کو جوہری توانائی کے پُرامن مقاصد کے لیے استعمال کا وہی حق حاصل ہے جو دنیا کے کسی بھی دوسرے خودمختار ملک کو ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کے خلاف یکطرفہ پابندیاں اور حملے بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں، اور روس ایسے کسی بھی اقدام کی حمایت نہیں کرے گا۔
پیوٹن نے واضح کیا کہ روس، ایران کے ساتھ سائنس، ٹیکنالوجی اور توانائی کے میدان میں تعاون جاری رکھے گا، اور اگر ایران کو دھمکایا گیا تو ماسکو خاموش تماشائی نہیں بنے گا۔ روسی صدر نے مغرب کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ "دوسروں کے حقوق پر یکطرفہ فیصلے تھوپنا دنیا کو خطرناک سمت میں لے جا رہا ہے۔ عالمی قوانین سب کے لیے برابر ہیں، صرف طاقتور کے لیے نہیں۔”