تائیوان پر حملہ سے روکنے کیلئے امریکہ کی پیش قدمی — چین پر اقتصادی پابندیاں لگنے کا امکان؟

تائیوان پر حملہ سے روکنے کیلئے امریکہ کی پیش قدمی — چین پر اقتصادی پابندیاں لگنے کا امکان؟

 عالمی سیاست میں ایک نیا موڑ، جب امریکہ نے اشارہ دیا ہے کہ اگر چین نے تائیوان پر فوجی حملہ کرنے کی کوشش کی تو وہ سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر سکتا ہے۔ واشنگٹن کی اس ممکنہ پالیسی کو بیجنگ کے لیے ایک احتیاطی پیغام کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ ذرائع کے مطابق امریکی حکومت چین پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کی تیاری کر رہی ہے تاکہ بیجنگ کو تائیوان پر ممکنہ حملے سے روکا جا سکے۔ اس منصوبے کے تحت چینی ٹیکنالوجی کمپنیوں پر پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں، چینی بینکوں کی عالمی رسائی محدود کی جا سکتی ہے، جبکہ درآمدات و برآمدات پر سخت کنٹرول اور چینی مصنوعات پر ٹیکسوں میں اضافہ بھی متوقع ہے۔ یہ اقدامات اسی نوعیت کی اقتصادی کارروائیاں ہوں گے جیسی امریکہ نے روس کے خلاف یوکرین جنگ کے آغاز پر نافذ کی تھیں۔

چین نے امریکہ کے ممکنہ اقدامات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے تائیوان چین کا اندرونی معاملہ ہے، اور کسی بھی بیرونی مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ امریکہ کو اپنے الفاظ اور اقدامات میں احتیاط برتنی چاہیے۔ بیجنگ کا ماننا ہے کہ تائیوان ایک چین پالیسی کا حصہ ہے، اور کسی بھی علیحدگی پسندی کو فوجی طاقت سے کچلا جا سکتا ہے۔ دوسری طرف تائیوان کی حکومت نے امریکہ کی حمایت پر اظہارِ تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ ہم امن چاہتے ہیں، لیکن اپنی آزادی اور خودمختاری کا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ تائیوان نے بھی حالیہ دنوں میں اپنی دفاعی تیاریوں کو تیز کیا ہے، اور امریکہ سے مزید اسلحہ اور ٹیکنیکل سپورٹ حاصل کرنے پر زور دیا ہے۔

اگر امریکہ واقعی چین پر پابندیاں عائد کرتا ہے تو اس کے عالمی اثرات نہایت شدید ہو سکتے ہیں۔ اس اقدام سے دنیا بھر میں سپلائی چین متاثر ہو سکتی ہے، جس کے نتیجے میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا ہوں گی۔ عالمی منڈیوں میں عدم استحکام بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ مہنگائی کی ایک نئی لہر بھی جنم لے سکتی ہے۔ اس کے علاوہ، بڑی معیشتوں کے درمیان تجارتی جنگ کے امکانات بھی بڑھ جائیں گے، جو عالمی اقتصادی نظام کے لیے ایک نئے بحران کا باعث بن سکتے ہیں۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے