دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے ایمازون کے بانی، جیف بیزوس، اپنے غیر روایتی انتظامی طریقوں کی وجہ سے معروف ہیں۔ ان کا ایک منفرد اسٹریٹیجی میٹنگز کے دوران خالی کرسی رکھنا ہے، جو بظاہر ایک علامتی حرکت لگتی ہے، لیکن اس کے پیچھے ایک گہری سوچ چھپی ہوئی ہے۔
جیف بیزوس کے مطابق، یہ خالی کرسی کمرے میں موجود سب سے اہم شے، یعنی صارفین کی نمائندگی کرتی ہے۔ ان کا ماننا ہے کہ ایمازون کی ٹیم کے لیے یہ ایک مستقل یاد دہانی ہوتی ہے کہ کسی بھی فیصلہ یا اقدام سے پہلے صارفین کی تسلی اور اطمینان کو اہمیت دینی چاہیے۔ بیزوس کا کہنا ہے کہ یہ علامتی رویہ ٹیم کو صارفین کی ضروریات اور ترجیحات کو ہمیشہ سامنے رکھنے کی ترغیب دیتا ہے، جو کہ ایمازون کے کاروباری فلسفے کا حصہ ہے۔
اگرچہ یہ طریقہ باہر سے دیکھنے میں کچھ غیر معمولی لگ سکتا ہے، لیکن اس کے اثرات کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ بیزوس نے ایک موقع پر وضاحت کی کہ "اگر آپ حقیقی دنیا میں صارفین کو ناخوش کریں گے تو وہ شاید اپنے چھ دوستوں کو بتا دیں گے، لیکن اگر آپ انٹرنیٹ پر صارفین کو ناخوش کریں گے تو وہ ہر فرد 6000 لوگوں تک اپنی شکایت پہنچا سکتا ہے۔” اس بیان سے ان کی اسٹرٹیجی کی اہمیت واضح ہوتی ہے، کیونکہ ڈیجیٹل دور میں صارفین کی شکایات کا پھیلاؤ تیز ہو چکا ہے۔
یہ خالی کرسی نہ صرف ایمازون کے صارفین کی اہمیت کو اجاگر کرتی ہے، بلکہ یہ بیزوس کے کاروباری فلسفے کا بھی حصہ ہے جو ہمیشہ صارفین کے فائدے کو اولین ترجیح دیتا ہے۔ یہ ایک یاد دہانی ہے کہ کسی بھی کاروبار کی کامیابی کا دارومدار اس کے صارفین کی خوشنودی پر ہوتا ہے، اور یہ طریقہ کار ایمازون کی مسلسل کامیابی کا راز ہے۔